معروف اداکار قوی خان کینیڈا میں انتقال کر گئے

معروف اداکار قوی خان کینیڈا میں انتقال کر گئے
کیپشن: Renowned actor Qavi Khan passed away in Canada

ایک نیوز : پاکستان ڈرامہ ،فلم،ریڈیو کے نامور اداکار قوی خان81برس کی عمر میں گردوں کے عارضے کے باعث انتقال کر گئے۔

اداکار صاحبزادے عدنان قوی کے ساتھ کینیڈا میں مقیم ، وان شہر کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

بیٹے عدنان قوی خان نے والد کے انتقال کی تصدیق کی اور کہا کہ ان کی نماز جنازہ اور دیگر تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اداکار قوی خان 15نومبر1942کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ اپنا کیرئیر ریڈیو پاکستان سے شروع کیا تھا۔بے شمار ٹی وی، ریڈیو اور اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔قوی خان کے معروف ڈراموں میں اندھیرا اجالا،فشار،لاہور گیٹ،مٹھی بھر مٹی،بیٹیاں،سنڈریلا،اور درشہوار شامل ہیں۔

قوی خان نے کم و بیش 200 فلموں میں کام کیا۔ چند شہرہ آفاق فلموں میں محبت زندگی ہے،چن سورج،سرفروش،کالے چور،زمین آسمان،اور پری شامل ہیں۔ اپنی ناقابل فراموش اداکاری کے باعث اداکار قوی خان کو انڈسٹری میں اپنی لازوال خدمات کے عوض صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی،ستارہ امتیاز،لائف ٹائم ایچومینٹ ایوارڈ، تین نگار ایوارڈز سمیت کئی قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز اور اعزازات ملے ۔قوی خان کو 1980 میں تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے معروف اداکار قوی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار  کیا۔

محسن نقوی کا تعزیتی پیغام میں کہنا تھا کہ قوی خان مرحوم کے انتقال سے اداکاری کا سہنری دور ختم ہوا ۔ قوی خان نے اپنی ورسٹائل اداکاری سے ٹی وی ڈراموں کو نئی جہت دی۔قوی خان مرحوم کے یادگار ڈرامے آج بھی پرستاروں کو یاد ہیں۔قوی خان مرحوم کی فن و ثقافت کے فروغ کے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔