کاشتکاروں کی مدد میں تاخیرپرمعذرت خواہ ہوں،مرادعلی شاہ

Mar 05, 2023 | 19:51 PM

ایک نیوز:وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کاکہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کی مدد میں تاخیرپرمعذرت خواہ ہوں۔

 وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا سیڈ سبسڈی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ بلاول بھٹوکی ہدایت پر ہم نے سیلاب زدگان کی بھرپور مددکا فیصلہ کیا تھا۔ہم نے وفاقی حکومت کی جانب سے رقم کی فراہمی سے معذرت پر خود رقم اداکی۔

 وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ  کامزید کہنا تھا گندم کا بیج بروقت خریدا نہیں جا سکا، اس وجہ سے کاشتکاروں کو رقم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ سیلاب سے 4.4 ملین ایکڑ میں سے 3.6 ملین ایکڑ خریف کی فصل کو نقصان ہوا، فصل کی تباہی نے سندھ میں کھاد، خوراک اور معاشی مسائل پیداکر دیے۔

مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ  مصدقہ آبادگاروں کی تعداد 185928 ہے جنہیں 5 ہزار روپے فی ایکڑ منتقل کیے جائیں گے، پہلے مرحلے میں 4.227 ارب روپے 185928 آبادگاروں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں، ورلڈ بینک نے ہاریوں کے لیے سندھ حکومت کی مدد کی، ہم 25 ایکڑکےکاشت کاروں کو بیج کی مد میں 5000 روپے ایکڑ دے رہے ہیں۔

 وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا سندھ کی آبادی کو کم گنا جائے یہ برداشت نہیں کریں گے۔ مردم شماری سے متعلق کچھ تحفظات ہیں جن سے چیئرمین ادارہ شماریات کو آگاہ کر دیا ہے۔ ہمیں مردم شماری سے متعلق چیزوں سے آگاہ نہیں کیا جا رہا۔جسے شمار کیا جائے اس کا ڈیٹا صوبائی حکومت کو فراہم کیا جائے۔ سب سے درخواست ہے کہ مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ یقین دہانی کریں کہ مردم شماری والے آپ کا درست ڈیٹاشامل کر رہے ہیں لیکن ہمارے تحفظات دور نا ہوئے تو ہم مردم شماری کو مسترد کریں گے۔

مزیدخبریں