ایک نیوز: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کوئی مشکل کام نہیں، عدالت جیسے حکم دے گی، حراست میں لے لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق رانا ثناءاللہ نےمیڈیا سے گفتگو کرتےہوئے عمران خان کی گرفتاری سےمتعلق کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف گرفتاری سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں، چور کو پتہ ہے چوری کی ہے، گرفتار ہوا تو فرد جرم لگے گی اور عدالت میں جواب دینا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنا مشکل نہیں، ان کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں گرفتار کیا جا سکتا تھا، 25 فروری کو بھی حراست میں لیا جا سکتا تھا مگر چاہتے ہیں کہ عمران خان عدالت کے حکم پر گرفتار ہوں اور عدالت ہی انہیں نا اہل کرے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان عدالتوں سے بھاگے ہوئے ہیں، اس چور کو معلوم ہے میں نے چوری کی ہے، عمران خان کی فرنٹ مین نے اربوں روپے باہر منتقل کیے۔انہوں نے کہا کہ اگر گورنمنٹ فیصلہ کرتی تو عمران خان ہائیکورٹ میں گرفتار ہوسکتے تھے، پولیس زمان پارک عدالت کا آرڈر لے کر پہنچی ہے، حکومت کا نہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، الیکشن ملک کی بہتری کیلئے ہونا چاہیے، الیکشن عمران خان کی زد کو پورا کرنے کیلئے نہیں ہونا چاہیے، ہم الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر عمران خان کو ہر صورت گرفتار کرنا ہوتا تو برگر کارکن رکاوٹ نہیں بن سکتے تھے، یہ بزدل انسان ہے اور چھپا بیٹھا ہے، یہ سزا سے بچنے کیلئے سارے بہانے کر رہا ہے۔