اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری کا سلسلہ تھم نہ سکا، مزید 80 فلسطینی شہید

Jun 05, 2024 | 14:42 PM

 ویب ڈیسک: اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری کا سلسلہ تھم نہ سکا، صیہونی افواج کی وحشیانہ کارروائیوں میں مزید 80 فلسطینی شہید ہوگئے۔  

اسرائیلی فضائی حملوں میں وسطی اور جنوبی غزہ میں 15 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے جن میں خواتین اور بچوں سمیت امدادی کارکنان اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

ادھر  خان یونس میں اسرائیلی حملوں سے 4 اسرائیلی یرغمالی بھی ہلاک ہوگئے۔

اسرائیلی افواج کی جانب سے وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح کی بریج کیمپ پر چڑھائی کے دوران بھی متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے جبکہ فضا سے بھی علاقے میں بمباری کا سلسلہ جاری رہا۔

دوسری جانب القدس بریگیڈز نے رفح میں اسرائیلی فوجیوں، ٹینکوں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔

حماس کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے مستقل قیام امن اور غزہ سے مکمل انخلا کی یقین دہانی کے بغیر وہ کسی امن بھی معاہدے کو قبول نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے  اب تک غزہ پر اسرائیل کے بلاتفریق وحشیانہ حملوں میں 36 ہزار 550 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 82 ہزار 959 افراد زخمی ہو چکے ہیں، اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔  

مزیدخبریں