ایک نیوز: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وفاقی وزیر اوورسیزپاکستانیز چودھری سالک حسین کے ہمراہ اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق روم میں اطالوی وزارت داخلہ کے اعلی حکام نے وفاقی وزراء کا پرتپاک خیر مقدم کیا ۔ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔انسداد منشیات اور بارڈر سیکورٹی کے حوالے سے تعاون پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ غیر قانونی تارکین وطن اور انسانی سمگلنگ کیخلاف مربوط اور موثر لائحہ عمل پر اتفاق کیاگیا۔ انسداد منشیات اور بارڈر سکیورٹی کے لئے مشترکہ اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔
ملاقات میں مشترکہ طور پر قریبی کوآرڈینیشن کے تحت کام کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے اٹلی کے پاکستانی بارڈرز کو محفوظ بنانے کیلئے معاونت پر غور کیاگیا۔اطالوی ٹیم اس ضمن میں جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے میٹیو پینٹے ڈوسی کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اٹلی میں قید 146 پاکستانیوں کے حوالے سے بھی بات کی ۔ محسن نقوی نے 42 پاکستانی قیدیوں کو پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مضبوط باہمی اشتراک کار انسانی سمگلنگ روکنے، انسداد منشیات اور بارڈر سیکوکیلئے مددگار ثابت ہو گا۔ غیر قانونی طور پر اٹلی جانے والے پاکستانیوں کا داخلہ روکنے اور انسداد منشیات کے لئے ہر سطح پر اقدامات کئے گئے ہیں ۔ انسانی سمگلنگ اور ڈرگ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔
وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین کا کہنا تھا کہ اٹلی پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اٹلی پاکستان کے ساتھ ہنرمند افرادی قوت کے زیر التوا معاہدہ کو جلد حتمی شکل دے تاکہ غیر قانونی امیگرنٹس کی حوصلہ شکنی ہو ۔
اطالوی وزیر داخلہ نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام اور انسداد منشیات کیلئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے اقدامات کو سراہا ۔ انسداد منشیات بارڈر سکیورٹی اور انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے تعاون کی یقین دہائی کرائی۔
اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید،اطالوی وزارت داخلہ کے اعلی ٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔