ایک نیوز : اداکار نصیر الدین شاہ کافلمی ایوارڈز سے متعلق دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں فلم فیئر ایوارڈز واش روم کے ہینڈل کے طور پر استعمال کرتا ہوں۔
نصیر الدین شاہ بھارتی فلم انڈسٹری کے مایاناز اداکاروں میں سے ایک ہیں،اپنی بہترین اداکاری سے انہوں نے اپنے شاندار کیریئر میں کئی بڑے فلمی ایوارڈز اپنے نام کیے۔فلمی کیریئر میں بھارت کے سب سے بڑے نیشنل ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈز 3،3 بار حاصل کرچکے ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں نصیرالدین شاہ نے کہا کہ میرے نزدیک ان ایوارڈز کی کوئی اہمیت نہیں ہے، میں انہیں بالکل سنجیدگی سے نہیں لیتا۔ کوئی بھی اداکار جو ایک کردار کو نبھانے کے لیے اس میں پوری محنت اور اپنی جان ڈال دیتا ہے وہ اچھا اداکار ہے، مگر آپ ان سب اچھے اداکاروں میں سے صرف ایک کا انتخاب کرکے اسے سال کے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیں تو یہ کیسے جائز ہے؟
نصیرالدین شاہ نے کہا کہ مجھے ان ایوارڈز پر بالکل فخر نہیں جو میں نے حاصل کیے، میں اپنے آخری 2 ایوارڈز لینے بھی نہیں گیا۔جب میں نے فارم ہاؤس بنایا تو میں نے اپنے ایوارڈز وہاں رکھنے کا فیصلہ کیا، جو بھی وہاں واش روم جائے گا اسے 2 ایوارڈز ملیں گے کیونکہ واش روم کے ہینڈل فلم فیئر ایوارڈز کے بنے ہوئے ہیں۔
نصیرالدین شاہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایوارڈز فلم انڈسٹری میں لابنگ کے نتائج کے سوا کچھ نہیں ہیں، میرے نزدیک ان ٹرافیوں کی کوئی اہمیت نہیں۔ مجھے خوشی ہوئی جب میں نے اپنے کیریئر کی ابتداء میں کچھ ایوارڈز حاصل کیے لیکن پھر میرے ارد گرد ٹرافیوں کے ڈھیر لگنے لگے، کچھ وقت بعدمیں سمجھ گیا کہ یہ ایوارڈز صرف لابنگ کا نتیجہ ہیں۔