آئل ٹینکرز کی ہڑتال، پیٹرول کی قلت کا خدشہ

Jun 05, 2023 | 13:37 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: آئل ٹینکرز کنٹریکٹر ایسوسی ایشن نے آزاد کشمیر سے ملانے والی اہم شاہراہ کہوٹہ روڈ کی مرمت کا کام سست روی کا شکار ہونے کی وجہ سے ہڑتال کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن سہالہ کے جنرل سیکرٹری  کی جانب سے انتظامیہ کو آج تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس کے بعد گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر ،اسلام آباد اور راولپنڈی کو تیل کی سپلائی بند کردی گئی ہے۔

آئل ٹینکرز کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سڑک کا معاملہ حل ہونے تک سپلائی کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔ آئل ٹینکرز حکام کا کہنا ہے کہ سڑک خستہ حال ہے اور مرمتی کام کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے جس کے باعث آئل ٹینکرز اور دیگر گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔

آئل ٹینکرز کنٹریکٹر ایسوسی ایشن  کےجنرل سیکریٹری نعمان بٹ کا کہنا تھا کہ سہالہ روڈ گزشتہ کئی سال سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، سہالہ آئل ڈپو سے سپلائی کے لیے نکلنے والے درجنوں آئل ٹینکرز حادثے کا شکار ہوچکے ہیں۔ حالیہ بارشوں سے اہم شاہراہ پر آئل ٹینکرز چلانا مشکل ہوچکا ہے، اسلام آباد انتظامیہ کو متعدد مرتبہ آگاہ کیا لیکن داد رسی نہیں ہوئی۔

مزیدخبریں