ایک نیوز: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نےجوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کیس میں سابق اسپیکر اسد قیصر کی ضمانت میں 10 جون تک توسیع کردی۔
تفصیلات کےمطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا نے اسدقیصر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس میں توڑپھوڑکیس کی سماعت کی جس دوران اسدقیصر اپنے وکیل شیرافضل مروت کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران وکیل ملزم شیرافضل نے مؤقف اپنایا کہ اسدقیصر نے گزشتہ کئی دنوں سے اپنے آپ کو چھپایا ہوا ہے، ان کا ضلعی کچہری آنا رِسک سے کم نہیں، میرے مؤکل کے خلاف مردان پر بھی دہشتگردی کا مقدمہ درج ہوگیا ہے۔
دوران سماعت وکیل شیر افضل کی جانب سے اسدقیصرکی ضمانت میں توسیع کی لمبی تاریخ دینےکی استدعا بھی کی گئی۔
دلائل سننے کے بعد جج نے ریمارکس دیے آپ سب کےکیسز میں زاہد آصف کو اسپیشل پراسیکیوٹر تعینات کیاگیا ہے لیکن ان کی والدہ کا انتقال ہوگیا ہے، شریک ملزمان کی استدعا تھی کہ 10 جون کی تاریخ دےدی جائے، اسد قیصرکی ضمانت میں ڈھائی ہفتےکی توسیع دی تو دیگر ملزمان کے لیے بھی روایت قائم کرنی پڑےگی۔
بعد ازاں عدالت نے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں اسدقیصرکی ضمانت میں 10جون تک توسیع کردی۔