ایک نیوز: پاک فوج کے جوان کلرکہار کے رہائشی محمد فہیم شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ وہ گزشتہ روز مظفرآباد چانگن کے قریب فوجی سامان سے لدے کارگو ٹرک کے دریائے نیلم میں گر جانے کی وجہ سے شہید ہوگئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق محمد فہیم شہید کلرکہار کے رہائشی تھے اور پاک فوج میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ دوران ڈیوٹی محمد فہیم اپنے دو ساتھیوں سمیت مظفر آباد چانگن کے مقام پر فوجی کارگو ٹرک دریائے نیلم میں گرجانے کی وجہ سے شہید ہوئے۔
محمد فہیم کی نماز جنازہ کلرکہار میں ادا کی گئی اور شہید کے جسد خاکی کو مقامی قبرستان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کےافسران، جوان، سیاسی وسماجی، کاروباری شخصیات کے علاوہ مقامی افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شہید محمد فہیم کے جسد خاکی کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے شہید کی قبر پر گل پاشی کی۔پاک فوج کے افسران نے شہید محمد فہیم کے بیجز اور پاکستانی پرچم شہید کے والد کو اعزاز میں دیا۔ آخر میں ملک وقوم کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔