ایک نیوز: پی ٹی آئی کے سابق جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہےکہ جہانگیر ترین نے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا اور فواد چودھری مجھ سے وقتاًفوقتاً رابطے میں رہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق جنرل سیکرٹری اسد عمر نے اسلام آباد کی ضلع کچہری میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ جہانگیر ترین کی پارٹی میں ہوں گے؟ اس پر اسد عمر نے کہا کہ میرا کیا تعلق ہےجہانگیر ترین سے؟
صحافی نے پوچھا کہ کیا جہانگیر ترین نے آپ سے کوئی رابطہ کیا؟ اس پر اسد عمر نے کہا کہ نہیں، ابھی جہانگیرترین نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ جیل سے آئے 7،8 دن ہوئے ہیں، عدالتوں کے چکر لگا رہا ہوں، فواد چوہدری مجھ سے وقتاً فوقتاً رابطے میں رہتے ہیں۔
صحافی نے اسد عمر سے پوچھا کہ فیصل واوڈا کس ایجنڈے پر ہیں؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ یہ سوال فیصل واوڈا سے پوچھیں۔