تحریک انصاف کے ڈی سیٹ رکن اسمبلی کو ن لیگ کا ٹکٹ مل گیا

Jun 05, 2022 | 18:23 PM

muhammad zeeshan
ایک نیوز نیوز: پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے ڈی سیٹ ہونے والے رکن اسمبلی نذیر چوہان کو مسلم لیگ (ن) نے ٹکٹ جاری کردیا۔
پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے امیدواروں نےکاغذات نامزدگی جمع کرانا شروع کردیے۔
لاہور میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 167 سے ڈی سیٹ ہونے والے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نذیر چوہان کو مسلم لیگ (ن) نے ٹکٹ جاری کردیا۔
نذیر چوہان نے پی پی 167 پر ضمنی انتخاب میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک اور علی پرویز ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ ٹکٹ دینے پر مسلم لیگ ن کا مشکور ہوں، ہم نے ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے عمران خان کو چھوڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیا تھا، میرے حلقے میں اب پی ٹی آئی کا نام لینے والا کوئی نہیں، ہم ملک کیلئے سیاست کرتے ہیں، عمران خان نے ملک توڑنے کی سیاست کی۔
نذیر چوہان کا کہنا تھاکہ نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف عمران خان ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔
خیال رہے کہ 20 مئی کو الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کا ووٹ دینے والے تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کردیا تھا۔
ڈی سیٹ کیے جانے والے 20 ارکان کی نشستوں پر 17 جولائی کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔
مزیدخبریں