کرنل شیر خان شہید کی بہادری کی داستان رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیگی: وزیراعظم

Jul 05, 2024 | 11:31 AM

 ایک نیوز:کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر)کا  25واں یومِ شہادت عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر)کے25ویں یومِ شہادت کے موقع پر مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا شہید کے درجات کی سربلندی کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔ 

اس موقع پر علماء کرام کی جانب سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہناتھا کہ”وطن کی حفاظت کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے جوان عزت و احترام کے مستحق ہیں“ شہداء کا لہو ہم پر قرض ہے، پاکستان کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج ہمارا ملک قائم و دائم ہے، زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کو فراموش نہیں کرتیں،”جو قومیں اپنے شہداء کی تکریم نہیں کرتیں وہ ذلیل و رسوا ہو جاتی ہیں“ شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں، کیپٹن کرنل شیر خان شہید قوم کا بہادر بیٹا تھا جو ہمیشہ ہر دل میں زندہ رہے گا، قوم کے شہداء کی قربانیاں ملکی استحکام اور عظمت کی نشانیاں ہوتی ہیں جس پر قوم بجا طور پر فخر کرتی ہیں۔ 

کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے پچیسویں یوم شہادت پر وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن کرنل شہر خان شہید نے کارگل کے محاذ پر بے مثال بہادری، جرات اور شجاعت کا مظاہرہ کیا جس کی دشمن بھی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکا۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے وطن سے وفاداری، فرض شناسی اور وطن کے دفاع کیلئے جان کی پرواہ کئے بغیر لڑنے کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی، کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر اور ان کے اہلِ خانہ پوری قوم کیلئے قابل فخر ہیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کی اس ملک کے دفاع کی خاطر لازوال قربانیاں ہیں، مجھ سمیت پوری قوم ملک کی حفاظت کیلئے پاک فوج کے جوانوں کے غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کرتی ہے۔ 

مزیدخبریں