برطانوی انتخابات میں لیبر پارٹی فاتح: رشی سونک نے شکست تسلیم کرلی، کئیر اسٹارمر وزیراعظم ہونگے

برطانوی انتخابات میں لیبر پارٹی فاتح: رشی سونک نے شکست تسلیم کرلی، کئیر اسٹارمر وزیراعظم ہونگے
کیپشن: British Elections Labor Party Winner: Rishi Sonak Concedes Defeat, Keir Starmer Will Be Prime Minister

ایک نیوز: برطانیہ میں قبل ازوقت ہونے والے عام انتخابات میں 14سال بعد لیبر پارٹی نے میدان مارلیا، کنزرویٹو پارٹی کا اقتدار ختم ، جس کے بعد سر کئیر سٹارمرکے وزیراعظم بننے کا قوی امکان ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں عام انتخابات کے نتائج کا سلسلہ جاری ہے ، 650 سے  500 نشستوں کے نتائج موصول ہوئے ہیں ،لیبر پارٹی 373   سیٹیں لے کر سب سے آگے ہے، کنزرویٹو 71 ، لیبرل ڈیموکریٹس 46  اور ریفارم پارٹی 4 نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں ۔
حکومت سازی کیلئے پارلیمنٹ کی 650 نشستوں میں سے 326 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور لیبر پارٹی 353  نشستیں حاصل کرکے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔
ایگزیٹ پولز کے دعوؤں کے مطابق لیبر 401، کنزریٹو 163، لبرل ڈیموکریٹس 50، اسکاٹش نیشنل پارٹی 8 اور ریفارم یوکے کو 4 نشستیں ملنے کی توقع ہے۔
بریڈفورڈ ویسٹ سے لیبر رہنما پاکستانی نژاد ناز شاہ جیت گئیں جبکہ پاکستانی نژاد لیبر رکن یاسمین قریشی تیسری مرتبہ اپنی سیٹ کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
سربراہ لبیر پارٹی سرکیئراسٹارمر کاوزیراعظم بننے کاقوی امکان ہے ۔
برطانوی وزیرعظم رشی سونک نے انتخابات میں شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے جب کہ رشی سونک نے سر کیئر سٹارمر کو کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔
انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنے سپورٹرز سے خطاب میں سربراہ لیبر پارٹی سرکیئر اسٹارمر نے کہا کہ ملک کے عوام نے تبدیلی کا ووٹ دیا، عوام نے فیصلہ سنادیا وہ تبدیلی کیلئے تیار ہیں، اتنے بڑے مینڈیٹ کے ساتھ اتنی بڑی ذمہ داری بھی عوام نے دی، برطانوی عوام کی خدمت کریں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ برطانوی عوام نے صفحہ بدل لیا ہے، انتخابات میں نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، ہمیں فوری تبدیلی لانے کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے۔
سربراہ لیبر پارٹی سرکیئر سٹارمر نے کہا کہ لیبر پارٹی بدل چکی ہے اور یہ تبدیلی ہمارے طرز حکومت میں نظرآئیگی ،ملک پہلے اور پارٹی بعد میں ہوتی ہے، ہمیں بھاری مینڈیٹ ملا ہے، تبدیلی کیلئے برطانوی عوام کا شکریہ۔
انتخابات میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 4515 امیدواروں نے حصہ لیا۔
قبل ازیں برطانوی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد برطانوی میڈیا کی جانب سے جاری پہلے نتیجے میں سنڈر لینڈ ساؤتھ سے لیبر پارٹی کی بریجٹ فلپسن کو کامیابی ملی تھی۔
شمالی لندن کی ہولبارن اینڈ سینٹ پینکراس کی نشست پر دوبارہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد سر کئیر سٹارمر کا اپنے ووٹرز سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ حلقہ میرا گھر ہے میرے بچے اسی جگہ پر بڑے ہوئے، میری اہلیہ بھی یہیں پیدا ہوئیں میرے لیے یہ کامیابی بہت بڑا اعزاز ہے۔
سرکاری نتائج کا اعلان آج جمعے کو ہی متوقع ہے جس کے بعد جیتنے والی جماعت کے رہنما کی ملاقات شاہ چارلس  سوم کے ساتھ ہوگی جو حکومت بنانے کی دعوت دیں گے۔
برطانوی پارلیمانی نظام کے مطابق کسی بھی جماعت کو پارلیمنٹ میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کے لیے 326 نشستیں درکار ہوتی ہیں ، اس سے قبل کنزرویٹو پارٹی نے سنہ 1906 میں 156 نشستوں کے ساتھ بدترین کارکردگی دکھائی تھی۔
حالیہ انتخابات کے نتائج سے لیبر پارٹی کو 2019 کے عام انتخابات کے مقابلے میں حیران کن واپسی 
ہوئی ہے جب 1935 کے بعد سے بائیں بازو کی جماعت کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔