یورپی یونین کا الیکشن کیلئے انتخابی مبصر مشن نہ بھیجنے کا فیصلہ  

Jul 05, 2023 | 23:31 PM

ایک نیوز :یورپی یونین (ای یو) نے آئندہ پارلیمانی انتخابات کے لیے اپنا انتخابی مبصرین پر مشتمل مشن پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔   

 یورپی یونین پارلیمنٹ کے رکن مائیکل گہلر کاکہنا ہے کہ  بعض داخلی مسائل اور پاکستان کی جانب سے انتخابی مبصر مشن کے لیے دعوت نامہ موصول نہ ہونے کی وجہ سے مذکورہ فیصلہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ مائیکل گہلر 2008، 2013 اور 2018 میں یورپی یونین کی جانب سے انتخابی مبصر کی حیثیت سے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی پارٹی کی قسمت یا لیڈر کا فیصلہ کسی “تیسری قوت” سے نہیں ہونا چاہیے۔

  انہوں نے واضح کیا کہ یورپی یونین کو ابھی تک پاکستان کی طرف سے ماہرین بھیجنے کی دعوت نہیں ملی ہے، یورپی یونین کے مبصر مشن کے سابقہ تجربات سمیت دیگر مسائل نے بھی فیصلے میں کردار ادا کیا۔

2018 کے انتخابات کے بعد یورپی یونین کے مبصر مشن نے مستقبل کے انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کو 30 سفارشات کی تھیں۔ اس حوالے سے انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ان 30 سفارشات میں سے دو سے تین پر عمل درآمد ہو چکا ہے،”

مزیدخبریں