ایک نیوز :صدر مملکت عارف علوی نے پشاور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس مسرت ہلالی کی بطور جج سپریم کورٹ تقرری کی منظوری دیدی۔
وزارت قانون نے صدر مملکت عارف علوی کی منظوری کے بعد جسٹس مسرت ہلالی کی بطور جج سپریم کورٹ تقرری کی نوٹیفکیشن جاری کردیا۔جسٹس مسرت ہلالی سپریم کورٹ کی دوسری خاتون جج بن گئیں۔
جسٹس مسرت ہلالی کی سپریم کورٹ میں تقرری سے عدالت عظمیٰ میں ججز کی مجموعی تعداد 16ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی منظوری دی تھی ۔اعلیٰ عدلیہ میں ججز تقرری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کنوینئر رانا مقبول احمد نے کی۔ وفاقی شرعی عدالت کے عالم جج جسٹس انور کی بھی منظوری دیدی گئی۔ جوڈیشل کمیشن نے دونوں ججز کی تقرری کی سفارش کی تھی۔
خیال رہے پاکستان کی عدالتی تاریخ میں جسٹس مسرت ہلالی پہلی خاتون جج ہیں جنھیں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں اس وقت ایک خاتون جج جسٹس عائشہ ملک تعینات ہیں، جسٹس مسرت ہلالی کی تعیناتی کے بعد سپریم کورٹ میں خواتین جج کی تعداد 2 ہوجائے گی۔