معاون خصوصی عطاتارڑ کی   کیپٹن شہید کرنل شیر  خان کےمزارپرحاضری،فاتحہ خوانی

Jul 05, 2023 | 18:41 PM

ایک نیوز :وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ عطاء اللہ تارڑ کی صوابی میں کیپٹن شہید کرنل شیر  خان (نشان حیدر) کے 24 ویں یوم شہادت کے موقع پر مزار پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی۔


وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ عطاء اللہ تارڑ کاصحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں یہاں شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی کے لیے حاضر ہوا ہوں ۔ ایسے بہادر سپوت قوموں کی زندگیوں میں بڑی خوش بختی سے آتے ہیں۔خوش بخت مائیں کرنل شیر خان شہید جیسے بچے جنتی ہیں .دشمن فوج کے افسر بھی شہید کیپٹن کرنل شیر خان کی بہادری کے معترف تھے ۔ کرنل شیر خان جیسے بہادر سپوت قوموں کی زندگیوں میں کم کم پیدا ہوتے ہیں ۔جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہمارے بہادر سپوت لازوال قربانیاں دے رہے ہیں ۔ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج ،پولیس ،ایف سی، رینجرز اور سویلین اداروں نے عظیم قربانیوں کی داستانیں رقم کیں ۔

عطاء اللہ تارڑ کامزید کہنا تھاکہ ملک کی بنیادیں شہداء کے خون سے مضبوط ہوئی ہیں ۔ملک کی بقا اور ترقی شہداء کے خون کی مرہون منت ہے ۔  9  مئی کے واقعات  ہمارے لئے باعث شرم اور سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھے جائیں گے ۔9 مئی کو شر پسند عناصر نے سیاسی مقاصد کے لیے کرنل شیر خان کے مجسمے کو توڑا ۔مٹھی بھر عناصر نے 9 مئی کو دشمن کے ایجنڈے پر عمل کیا ۔ پاک فوج کے جوانوں اور افسران کی قربانیوں کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ۔  ملکی سالمیت ہمارے شہداء کی گراں قدر خدمات کے بغیر ممکن نہیں ۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ  کاکہنا تھا کہ میری کیپٹن شہید کرنل شیرخان کے خاندان کے ساتھ روحانی نسبت بھی ہے۔ میرے مرحوم دادا سابق صدر پاکستان رفیق تارڑ نے شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے والد کو نشان حیدر کے اعزاز سے نوازا تھا ۔مذہب رنگ و نسل اور سیاسی وبستگیوں سے بالاتر ہو کر شہداء کی تکریم ہر پاکستانی پر فرض ہے ۔ 

مزیدخبریں