ایک نیوز :اسپیشل انویسٹیمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے جس میں وفاقی وزرا سمیت اعلیٰ عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے معاشی بحالی، سرمایہ کاری سے متعلق اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوسے معیشت کی بہتری کے لیے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے کردار کی بھی تعریف کی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اتحادی حکومت کو تباہ حال معیشت ورثے میں ملی۔ معاشی بحالی کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ ابھی بہت بڑے چیلنجز ہمارے سامنے ہیں۔ ہمیں بھرپور صلاحیتوں سے کام کرنا ہوگا۔ مسلسل محنت سے ملک کو آگے لے کر جائیں گے اور عوام کو معاشی ترقی، خوشحالی سے ہمکنار کریں گے۔ نوجوانوں اور خواتین کو روزگار ملے گا، ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔