فرح گوگی کے بچوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کیخلاف درخواست، وزارت داخلہ کو نوٹس جاری

Jul 05, 2023 | 16:16 PM

ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے  سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کی دوست فرح خان کے بچوں کے نام ایگزٹ کنٹرول میں شامل کرنے کیخلاف درخواست پر  وزارت داخلہ  کو نوٹس جاری کرکے جواب مانگ لیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے  فرح خان کی درخواست  پر  سماعت کی۔ جس میں بچوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا۔ 

درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی کہ نیب نے ایک نجی کاروباری معاملے پر انکوائری شروع کی اور یہ انکوائری پہلے بند کر دی گئی لیکن سیاسی بنیادوں پر انتقامی کارروائی کیلئے یہ دوبارہ کھولی گئی اور معاملہ اعلی عدلیہ میں زیر سماعت ہے۔ 

درخواست میں بتایا گیا کہ سیاسی بنیادوں پر  بچوں فراز اقبال اور ایمان اقبال کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر لیے گئے ہیں جن کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ بچوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست پر آئندہ سماعت 17 ستمبر کو ہوگی۔

مزیدخبریں