ایک نیوز: امریکی صدر جوبائیڈن کی غیر موجودگی کے دوران وائٹ ہاؤس سے ملنے والا سفید پاؤڈر منشیات نکلی۔
رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس سے گزشتہ اتوار کو ملنے والا سفید پاؤڈر کوکین تھی۔ سیکرٹ سروس ایجنٹس کو سفید پاؤڈر اتوار کو ویسٹ ونگ کے علاقے سے مقامی وقت کے مطابق رات 8:45 پر ملا تھا جہاں عام لوگوں کی رسائی بھی ہوتی ہے۔
اس واقعے کے فوری بعد ایمرجنسی سروسز کے اہلکار بھی سفید پاؤڈر کو ٹیسٹ کرنے کے لیے پہنچ گئے تھے۔ پاؤڈر کے ابتدائی ٹیسٹ کے بعد پتا چلا کہ یہ کوکین تھی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اس واقعے کے وقت امریکی صدر جوبائیڈن وائٹ ہاؤس میں موجود نہیں تھے۔ امریکی صدر کی سیکیورٹی کی ذمے دار ایجنسی نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ سفید پاؤڈرکو مزید جانچ کے لیے بھیجا گیا تھا اور اس کے وائٹ ہاؤس میں داخل ہونے کی وجہ اور طریقے کی تحقیقات زیر التوا ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ویسٹ ونگ وائٹ ہاؤس کا وہ حصہ ہے جو صدر کی رہائش گاہ اور ایگزیکٹو مینشن سے منسلک ہے۔ اوول آفس، کیبنٹ روم، پریس روم اور صدر کے عملے کے ارکان کے دفاتر بھی یہی پر واقع ہیں۔ اس جگہ پر متعدد لوگ آتے جاتے اور کام کرتے ہیں۔