لاہور بارش: وزیراعظم کی پنجاب حکومت کو فوری اقدامات کی ہدایت

Jul 05, 2023 | 15:59 PM

ایک نیوز: وزیراعظم شہبازشریف نے طوفانی بارش پر پنجاب حکومت کو فوری اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعلی پنجاب کو امدادی ٹیموں کو فوری متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے، میونسپل اور متعلقہ اداروں کے اشتراک عمل کو یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں۔

وزیراعظم نے ضرورت پڑنے پراین ڈی ایم اے اوروفاقی اداروں کو پنجاب حکومت کو بھرپور معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ شہریوں کو خبردار کرنے، ٹریفک کے متبادل انتظامات اور نکاسی آب کے لئے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

وزیراعظم نے ملک کے دیگر حصوں میں بھی مون سون بارشوں کے دوران پیشگی حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک عمل سے پیشگی انتظامات میں معاونت فراہم کریں۔ دیہی علاقوں میں شہریوں کی بروقت محفوظ مقامات پر منتقلی، مال مویشیوں کو بچانے کے اقدامات کئے جائیں۔ 

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اربن فلڈنگ سے بچاﺅ کے لئے فوری اور ضروری اقدامات تیز کئے جائیں۔ وزیراعظم نے گلگت بلتستان، آزاد جموں وکشمیر، خیبرپختونخوا سمیت تمام پہاڑی علاقوں میں انتظامیہ کو متحرک کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس کے علاوہ تمام اقدامات سے وزیراعظم آفس کو مطلع رکھنے کا بھی کہا گیا ہے۔

مزیدخبریں