لاہور: مون سون کی 'خونی بارش'، ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی، نگران وزیراعلیٰ کا نوٹس

Jul 05, 2023 | 15:51 PM

ایک نیوز: لاہور میں بارش کے دوران ہنگامی اقدامات کے دعوے صرف دعوے ہی نکلے۔ مون سون کی دوسری بارش 'خونی ثابت ہوئی۔ جس سے ابھی تک ایک ہی خاندان کے 3 افراد سمیت 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نوٹس لے لیا ہے۔

نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے  جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں نگران وزیرعالیٰ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔محسن نقوی نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ 

ریسکیو ذرائع کے مطابق تیز آندھی اور بارش کے دوران دو موریا پل کے قریب کچے مکان کی چھت زمین بوس ہوگئی۔ جس کے نتیجہ میں ملبے تلے دب کر میاں بیوی اور بیٹا جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں شوہر نوازش، بیوی کلثوم اور چار سالہ بیٹا  شامل ہیں۔ 

پولیس کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور لاشیں ورثہ کے حوالے کردی گئی ہیں۔ 

دوسری جانب چونگی امرسدھو بوستان کالونی میں بجلی کی تار توٹ کر سڑک پر گر گئی۔ جس کی وجہ سے گلی میں سے گزرنے والا موٹر سائیکل سوار نوجوان کرنٹ لگنے سے  تڑپ تڑپ کر جاں بحق ہو گیا۔ 

نوجوان کی شناخت 22 سالہ عثمان کے نام سے ہوئی ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق متوفی کی لاش کئی گھنٹوں تک بارش کے پانی میں پڑی رہی لیکن کوئی مدد کو نا پہنچا۔

رائے ونڈ میں خالی پلاٹ میں جمع بارش کے پانی میں ڈوب کرلڑکا جاں بحق ہوگیا۔ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 14 سالہ ولی محمد کے نام سے ہوئی، لڑکے کی لاش نکال کرورثاء کے حوالے کردی۔

قبل ازیں مستی گیٹ اندرون لاہور کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے خاتون  کی  ہلاکت کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔

ترجمان لیسکو کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا۔ لیسکو چیف ایگزیکٹو نے سیفٹی ڈائریکٹوریٹ کو واقعے کی انکوائری کی ہدایت  کردی۔ 

ترجمان نے بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون  کو کرنٹ سٹریٹ لائٹ پول سے لگا ہے۔ مون سون کی بارشوں کے دوران صارفین سے التماس ہے کہ حفاظتی تدابیر لازمی اختیار کریں۔ 

مزیدخبریں