یونان کشتی حادثے میں ملوث مزید  4 انسانی اسمگلرز گرفتار

Jul 05, 2023 | 15:36 PM

Hasan Moavia

 ایک نیوز:ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے یونان کشتی حادثے میں ملوث مزید  4 انسانی سمگلرز کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز خان ورک کی ہدایت پرایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے یونان کشتی حادثے میں ملوث مزید  4 انسانی سمگلرز کو گرفتار کر لیا ہے۔انسانی سمگلروں کو منڈی بہاوالدین اور گجرات سے گرفتار کیا گیا ہے۔انسانی سمگلروں نے متعدد شہریوں کو بیرون ملک یورپ کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے بٹورے ہیں۔ملزمان نے 4 متاثرہ شہریوں سے فی کس 25 لاکھ روپے بٹورے ہیں۔

گرفتار ملزمان میں محمد مدثر، سید اویس شاہ، اورنگزیب اور جہانزیب شامل ہیں۔انسانی سمگلر پاکستان سے لیبیا اور لیبیا سے یونان بذریعہ کشتی بھجوانے میں ملوث تھے۔ملزمان کے خلاف کارروائی متاثرین کے لواحقین کی نشاندہی پر کی گئی ہے۔چاروں متاثرہ شہری یونان حادثے میں جانبحق ہو گئے تھے۔

یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا چکا ہے۔ایف آئی اے گجرات سرکل نے اب تک 23 انسانی سمگلرز کو گرفتار کیا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر طارق مسعود کی زیر نگرانی ٹیمیں مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری رکھے ہیں،ٹیمیں مختلف علاقوں میں انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں کر رہی ہیں۔چھاپہ مار ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کے لئے لواحقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروے کار لایا جارہا ہے، گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا۔

مزیدخبریں