جولائی میں سارہ انعام قتل کیس کا فیصلہ کرلیں گے: جج اعظم خان

جولائی میں سارہ انعام قتل کیس کا فیصلہ کرلیں گے: جج اعظم خان

ایک نیوز: سارہ انعام قتل کیس کی سماعت وکیلِ ملزم بشارت اللہ کی عدم حاضری پر ایک بار پھر ملتوی کردی گئی،ملزم کے جونیئر وکیل نے ملزم کے وکیل بشارت اللہ کی عدم دستیابی سے عدالت کو آگاہ کردیا۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آبادڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹس میں سیشن جج اعظم خان کی عدالت میں سارہ انعام قتل کی سماعت ہوئی۔مرکزی ملزم شاہنوازامیر کے وکیل بشارت اللہ کا عدالت میں عدم حاضری کا سلسلہ جاری ہے۔پراسیکیورٹر راناحسن عباس، مدعی وکیل راؤ عبد الرحیم اور مقتولہ کے والد انعام الرحیم عدالت پیش ہوئے۔ملزم کے جونیئر وکیل نے وکیلِ ملزم بشارت اللہ کی عدم دستیابی سے عدالت کو آگاہ کیا۔

جونئیر وکیلِ ملزم نے کہابشارت اللہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں مصروف ہیں، جس پر مدعی وکیل راؤ عبد الرحیم نے کہاایک سال ہوگیا، سارہ انعام قتل کیس تاخیر کا شکار ہورہا۔کئی سماعتوں سے وکیلِ ملزم بشارت اللہ عدالت پیش نہیں ہورہے۔

سیشن جج نے کہا بشارت اللہ سے پوچھ لیں آئندہ کس تاریخ پر دستیاب ہوں گے اورایک تاریخ بشارت اللہ کی مرضی سے پوچھ لیں لیکن پھر سماعت ملتوی نہیں ہوگی۔جونیئر وکیلِ ملزم نے کہابشارت اللہ 13 جولائی کو عدالت پیش ہو سکتےہیں،13 جولائی کو تین گواہان کے بیانات پر جرح کرلیں گے۔

سیشن جج نےریمارکس دیتے ہوئےکہا جولائی میں سارہ انعام قتل کیس کا فیصلہ کرلیں گے جبکہ سارہ انعام قتل کیس کی سماعت وکیلِ ملزم بشارت اللہ کی عدم حاضری پر ایک بار پھر ملتوی کردی گئی۔