جمائما کی فلم نے 4 ایوارڈ اپنے نام کرلیے

جمائما کی فلم نے 4 ایوارڈ اپنے نام کرلیے
کیپشن: Jemima's film won 4 awards

ایک نیوز: برطانوی فلمساز، پروڈیوسر اورچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے مداحوں کو خوشخبری سُنائی ہے کہ اُن کی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ‘ نے 4 نیشنل ایوارڈ جیت لیے ہیں۔

جمائما نے ٹوئٹراور انسٹاگرام پر تصاویرشیئرکرتے ہوئے فالوورز کو یہ خوشخبری سُنائی۔

فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ‘ نے یہ ایوارڈز بہترین اسکرین پلے، بہترین برطانوی فلم، بہترین ہدایتکار اور بہترین سپورٹنگ ایکٹرکی کیٹگریز میں اپنے نام کیے ہیں ۔

ٹوئٹرپر جمائما نے اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ کوئی بھی پسند نہیں کرتا کہ اپنی تعریف خود کرے لیکن میں یہ بتاتے ہوئے خوش ہوں کہ ہماری فلم نے 4 ایوارڈز جیت لیے ہیں۔

جمائما نے اس کامیابی پر اپنی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

جمائما کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ‘ کی کاسٹ میں پاکستان سے سجل علی بھی شامل ہیں ۔

یہ جمائما کے پروڈکشن ہاوس انسٹنٹ پروڈکشنزکے تحت بطور پروڈیوسران کی پہلی فلم ہے جس کی کہانی بھی انہون نے خود ہی تحریرکی ہے۔فلم کے ڈائریکٹر شیکھر کپورہیں جوبالی ووڈ کیلئے مسٹر انڈیا اور بینڈٹ کوئین جیسی فلمیں ڈائریکٹ کرچکے ہیں۔

سجل اور بھارت سے شبانہ اعظمی کے علاوہ فلم کی دیگرکاسٹ میں پاکستانی نژاد برطانوی اداکار شاہد لطیف، برطانوی اداکارہ للی جیمز، ایما تھامپسن سمیت دیگر شامل ہیں۔