اعظم خان کا کوئی سراغ نہ مل سکا،ایس ایس پی آپریشنز کی مزید وقت کی استدعا منظور

Jul 05, 2023 | 12:44 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز:  سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی بازیابی کیلئےایس ایس پی آپریشنز   کی استدعا منظور کرتے ہوئے مزید وقت دیتے ہوئے سماعت ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کر دی ہے۔

رپورٹ کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔  چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی ۔لاپتہ سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔عدالتی حکم پر ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ ایس ایس پی آپریشنز  کا کہنا ہےکہ معاملے کی خود نگرانی کر رہا ہوں ، عید کی وجہ سے اعظم خان کی فیملی سے ملاقات نہیں ہوئی ہے۔ اعظم خان  انٹرنیشنل نمبر استعمال کر رہے تھے جو صرف وای فائی سے استعمال ہوتا ہے ۔ انٹرنیشنل نمبر ہونے کی وجہ سے ٹریس کرنے میں دشواری ہے کوشش کر رہے ہیں تلاش جاری ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز نےمزید  وقت دینے کی استدعا کی،عدالت نے ایس ایس پی آپریشنز سمیت متعلقہ حکام کو مزید ایک ہفتے کی مہلت دے دی ہے۔

عدالت کا کہنا ہےکہ کوشش جاری رکھیں،  فیملی کے ساتھ بھی رابطہ رکھیں ، آئندہ سماعت پر پیش رفت سے آگاہ کریں ۔عدالت نے اعظم خان کی فیملی کو پولیس کے ساتھ تعاون کی ہدایت کردی ہے۔اسلام آباد پولیس نے پیش رفت رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہےکہ اعظم خان جس گاڑی میں اپنے گھر سے نکلے تھے وہ گاڑی مبینہ طور پر رجسٹرڈ ہی نہیں تھی۔ اعظم خان کی تلاش کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ نمائندہ پولیس کا کہناہےکہ اعظم خان جس گاڑی میں گئے گاڑی 2017 ماڈل ہے جو رجسٹرڈ نہیں ہے۔گاڑی کا نمبر نہ ہونے سے بھی ٹریس کرنے میں تکنیکی طور پر دشواری کا سامنا ہے۔ وکیل قاسم ودود کا کہنا ہےکہ جب تک ہائی آفیشل کو نہیں بلائیں گے تحقیقات آگے نہیں بڑھیں گی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایس ایس پی آپریشنز خود نگرانی کر رہے ہیں انھیں وقت دے کر دیکھ لیتے ہیں ۔عدالت نے پولیس کو مزید ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی ہے۔

مزیدخبریں