اٹلی سے انتہائی مطلوب ملزم گرفتار،سیالکوٹ منتقل

Jul 05, 2023 | 12:13 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: ایف آئی اے انٹرپول پاکستان نےبڑی کارروائی کرتے ہوئے اٹلی سے مطلوب ملزم کو گرفتار کرکے سیالکوٹ منتقل کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نیشنل سینٹرل بیورو انٹرپول پاکستان نے گجرانوالہ پولیس کےمطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کو اٹلی سے گرفتار کر کے سیالکوٹ ائیرپورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ملزم محمد ارشد کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا. ایف آئی اے این سی بی انٹرپول پاکستان نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن نے ملزم کو گجرانوالہ پولیس کے حوالے کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول روم کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔گزشتہ سال ایف آئی اے انٹرپول نے سنگین جرائم میں مطلوب 42 ملزمان کو مختلف ممالک سے گرفتار کر کے پنجاب پولیس کے حوالے کیا ہے۔

ملزمان کے خلاف پنجاب کے مختلف تھانوں میں قتل واقدام قتل کے تحت مقدمات درج تھے۔این سی بی انٹرپول پاکستان نے گزشتہ سال ملزمان کی گرفتاری کے لئے 117 ریڈ نوٹسسز بھی جاری کئے ہیں۔ انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لئے این سی بی انٹرپول پاکستان 24/7 خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ گرفتار ملزمان کی بروقت حوالگی کے لئے ایف آئی اے امیگریشن کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

مزیدخبریں