ایک نیوز: کیپٹن کرنل شیر خان (نشان حیدر) کا 24 واں یوم شہادت آج عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے پاک فوج اور عوام کی جانب سے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آج کیپٹن کرنل شیر خان نشان حیدر کا 24 واں یومِ شہادت عقیدت اور احترام سے منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ علما نے شہید کے درجات کی سربلندی کیلیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔
علمائے کرام کا کہنا تھا کہ آزاد فضا میں سانس لینا ہمارے شہدا کی قربانیوں کے ہی مرہونِ منت ہے۔ شہدا کا لہو ہم پر قرض ہے اور ان کی قربانیاں ہمیں اتحاد اور یگانگت کا درس دیتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا وہ ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں۔ جو قومیں اپنے شہدا کی تکریم نہیں کرتیں وہ ذلیل و رسوا ہو جاتی ہیں۔ شہید کرنل شیر خان دھرتی کا بہادر بیٹا تھا جو ہمیشہ ہر دل میں زندہ رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشان حیدر کے 24 ویں یوم شہادت پر کور کمانڈر پشاور نے شہید کے آبائی قصبہ صوابی میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (نارتھ) کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریاز بھی کور کمانڈر کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے مزار پر گارڈ آف آنر پیش کیا۔ یوم شہادت کی تقریب میں ہر شعبہ ہائےزندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ سول وعسکری حکام اور شہدا کے لواحقین نے شرکت کی۔ فوجی اور سول حکام اور عوام کی جانب سے کارگل کے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔