ایک نیوز :لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقوں اسلام پورہ ، گوالمنڈی، ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، نشتر کالونی، گلشن راوی، ہربنس پورہ سمیت شہر بھر میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور کے علاوہ پنجاب کے کئی شہروں میں بھی تیز بارش ہوئی ،پھالیہ،بھلوال،مانگا منڈی،شیخوپورہ،ننکانہ صاحب میں تیز آندھی کیساتھ بارش ہوئی ۔ موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کا سلسلہ 8 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے، اس دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، طوفان کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔