منی، مزدلفہ اور عرفات میں حجاج کرام کو حتی الامکان سہولیات کی فراہمی یقینی بنا ئی جائے، وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کی پاکستان حج مشن کو ہدایت

Jul 05, 2022 | 21:37 PM

Waleed shahzad
ایک نیوز نیوز:مکہ مکرمہ وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور نے پاکستان حج مشن کو ہدایت کی ہے کہ منی، مزدلفہ اور عرفات میں حجاج کرام کو حتی الامکان سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

وہ مکہ مکرمہ مشاعر میں پاکستان حج مشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق دی جانے والی بریفنگ کے دوران حج مشن کے حکام سے بات چیت کر رہے تھے۔
انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ سعودی حکومت کی جانب سے رواں سال مشاعر میں دی جانے والی سہولیات کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے عازمین حج کو مناسک کی ادائیگی میں آسانی رہے گی۔ وفاقی وزیر کوحج مشن مکہ کے حکام کی جانب سے مشاعر میں دی جانےوالی سہولیات پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں انہیں بتایا گیا کہ تینوں مقامات پر حاجیوں کو راستوں کی رہنمائی کیلئے” پنڈ بیسڈ گائیڈنس پوسٹ ٹریکنگ” کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جس کے ذریعے حجاج راستہ بھولنے کی صورت میں موبائل کے ذریعے اپنے مکاتب کا راستہ معلوم کر سکیں گے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ تینوں مقامات پر معاونین بھی تعینات ہونگے جو ہر وقت حجاج کی رہنمائی اور مدد کیلئے موجود ہونگے جس کیلئے مربوط حکمت عملی ترتیب دے دی گئی ہے۔
مزیدخبریں