جسٹس اعجازالاحسن پی ٹی آئی اپیل پر کل ان چیمبر سماعت کریں گے۔ تحریک انصاف نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف ان چیمبر اپیل دائر کی تھی۔
چیئرمین تحریک انصاف نے اپیل میں موقف اختیار کیا تھا کہ رجسٹرار آفس کے اعتراضات بے بنیاد اوربلا جواز ہیں،درخواست کے قابل سماعت ہونے کا فیصلہ رجسٹرار آفس کا دائرہ اختیار نہیں ہے۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ درخواست میں آئین کی خلاف ورزی اور بنیادی حقوق کی عملداری کا معاملہ اٹھا گیا ہے، عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ رجسٹرار آفس کے اعتراض ختم کرکے درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے 25 جون کو نیب ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے اور ان ترامیم کے خلاف ایک آئینی درخواست سپریم کورٹ میں داخل کی ہے۔
درخواست میں عدالت سے نیب قوانین میں ترامیم کو خلاف آئین قرار دیکر کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
عمران خان نے خود بطور درخواست گزار پٹیشن سپریم کورٹ کے روبرو جمع کروائی، درخواست آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت دائر کی گئی ہے جس میں وفاق پاکستان اور نیب کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
عمران خان نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ترامیم کرنے والوں نے اپنی ذات کو بچانے کیلئے نیب قانون کا حلیہ ہی بدل دیا ہے، ان ترامیم کے بعد بیرون ملک سے آئے شواہد عدالت میں قابل قبول نہیں ہونگے۔