ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی ،نالے میں پھنسے بچوں کو بچا لیا گیا

Jul 05, 2022 | 14:23 PM

Nimra bukhari
ایک نیوز نیوز: اسلام آباد میں تھانہ بنی گالہ کی حدود میں بہنے والے کورنگ نالے کے پانی میں پھنسے 4 بچوں کو بچا لیا گیا ، وزیراعظم شہباز شریف نے بچوں کو بروقت ریسکیو کرنے پر ریسکیو ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا.
ریسکیو ٹیموں نے راولپنڈی کے کورنگ نالے میں پھنسے بچوں کو کامیاب آپریشن کے بعد بحفاظت نکال لیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق آج صبح 8 بجے کے قریب بچے کھیل رہے تھے جو پانی میں نہانے لگے ، موسلا دھار بارشوں کے باعث پانی کا بڑا ریلا آیا جس کے باعث چار بچے پانی میں پھنس گئے ، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت دو بچوں کو بچا لیا جبکہ دو بچے ایک خشک ٹیلے پر چڑھ گئے ۔
مقامی افراد کی جانب سے پہلے 15 پر کال کی گئی جس پر پولیس پہنچی ، بعد ازاں ریسکیو اداروں کو کال کی گئی جس پر ریسیکیو ٹیمیں فوری پہنچیں اور آدھے گھنٹے کے آپریشن کے بعد بچوں کو پانی کے ریلے کے درمیان موجود ٹیلے سے بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے بروقت کارروائی کرنے پر ریسکیو عملے کی تعریف کرتے ہوئے کہا پاک بحریہ، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور ریسکیو 1122 کے عملے نے فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی۔ شدید موسمی حالات میں والدین اپنے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، اللہ کا شکر ہے کہ کوئی حادثہ نہیں ہوا۔
مزیدخبریں