الیکشن کی تاریخ دینا، تبدیل کرنا الیکشن کمیشن کااختیار ہے، مرتضیٰ سولنگی

Jan 05, 2024 | 23:14 PM

ویب ڈیسک :وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وزیراعظم یا کابینہ کی طرف سے الیکشن تاخیر سے متعلق کوئی حکم موجود نہیں تھا، الیکشن کی تاریخ دینا، تبدیل کرنا الیکشن کمیشن کااختیار ہے۔

سینیٹ میں انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد منظور پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایوان بالا میں الیکشن التوا کی قرارداد میں دلائل دینے کا موقع نہیں ملا، وزیراعظم یا کابینہ کی طرف سے الیکشن تاخیر سے متعلق کوئی حکم موجود نہیں تھا۔

نگراں وزیر نے کہا کہ آرٹیکل 218(3)، الیکشن کرانا، تاریخ دینا، تبدیل کرنا الیکشن کمیشن کااختیار ہے، قرارداد کے اندر جو مسائل بیان کئے گئے، وہ حقیقی مسائل ہیں، لیکن ہم کسی آئینی ادارے کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمانی سیاست اور انتخابات کی تاریخ میں یہ مسائل پہلے بھی موجود رہے ہیں، سیکیورٹی کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، موسم اور دیگر مسائل کا خیال رکھنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

نگراں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ابھی تک کسی حلقے کی طرف سے کوئی ایسا اشارہ نہیں ملا جس میں واضح پیغام ہو کہ انتخابات نہیں ہونے چاہیے، الیکشن کے التواء یا انعقاد کا آئینی اختیار صرف الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس ہے۔

مزیدخبریں