ایک نیوز: شہریوں کیلئے اہم خبر سامنے آگئی۔ ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی بذریعہ آن لائن تجدید کا آغاز ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ریگولر و انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید میں شہریوں کو مزید سہولت دے دی۔
ترجمان پولیس کے مطابق شہری اب گھر بیٹھے آن لائن پیمنٹ اور دستاویزات جمع کروا کر ریگولر اور انٹر نیشنل لائسنس کی تجدید کروا سکیں گے۔ ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید آن لائن پیمنٹ سے پولیس خدمت مراکز، ٹریفک سنٹرز، تھانوں کے فرنٹ ڈیسک اور پبلک پورٹل پر بھی متعارف کروادیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید تھانوں کے فرنٹ ڈیسک سے بھی جاری ہے۔ پولیس خدمت مراکز اور ٹریفک سنٹرز میں بھی نیو لرنر اور لرنر کی تجدید آن لائن پیمنٹ پر منتقل کردی گئی ہے۔ پبلک پورٹل اور تھانوں میں پہلے ہی آن لائن پیمنٹ پر لرنر لائسنس تجدید کا عمل جاری ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈرائیونگ لائسنس پر لگنے والی قدیمی ٹکٹس بھی ختم کردیں۔ اب شہری اپنے لائسنس کی فیس بذریعہ ای پیمنٹ کے ذریعے کر سکیں گے۔
شہری پبلک پورٹل کی سہولت پنجاب پولیس، ڈی ایل آئی ایم ایس کی ویب سائٹ اور پنجاب پولیس کی ایپ سے سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کیلئے ٹریفک لائسنس کے اجراء کا عمل مزید آسان بناتے ہوئے ہر ممکن سہولت دینا ہے۔