کولمبیا: نر اور مادہ کی خصوصیات کا حامل نایاب پرندہ دریافت

کولمبیا: نر اور مادہ کی خصوصیات کا حامل نایاب پرندہ دریافت
کیپشن: Colombia: Rare bird with male and female characteristics discovered

ویب ڈیسک: کولمبیا میں ایک نایاب پرندہ دریافت ہوا ہے جس میں نر اور مادہ دونوں کی خصوصیات شامل ہیں۔ یہ دریافت وسطی کولمبیا کے علاقے کالداس میں ہوئی جب پرندوں کے ایک ماہر جان موریلونے مانیزالیس شہر سے 10 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ڈان میگویل ڈیمنسٹریٹو نیچرل ریزرو میں ایک جنگلی ہنی کریپریا کلوروفینز سپیزا نامی پرندہ دیکھا جس نے فوراً ہی ان کی توجہ حاصل کر لی۔

اس پرندے میں ایک انتہائی منفرد بات تھی اس کا بائیں حصہ سبز جبکہ دائیں حصہ کا رنگ نیلا تھا۔ اس نسل کے پرندوں میں نر کا رنگ نیلا اور مادہ کا رنگ سبز ہوتا ہے۔

نیوزی لینڈ کی یونیورسٹی آف اوٹاگو کے شعبہ حیوانیات کے پروفیسر اور سائنسدان ہیمش سپینسر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ انتہائی دلچسپ تھا۔ یہ امکان ہے کہ زیادہ تر پرندوں کو دیکھنے والے اپنی پوری زندگی گائننڈرومورف ( ایسے پرندے جن میں مادہ اور نر دونوں کی خصوصیات ہوں) کو دیکھے بغیر گزار دیں گے، اس لیے مجھے جان موریلو کی دریافت سے مستفید ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔‘

گائنینڈرومورفی یعنی نر اور مادہ کی خصوصیات کا حامل ہونا ایک ایسی نایاب حالت ہے جس کی وجہ سے کسی جاندار کے ایک حصے میں نر خصوصیات اور دوسری طرف مادہ کی خصوصیات ہوتی ہیں۔

اس بارے میں ہیمش سپینسر نے جرنل آف فیلڈ آرنیتھولوجی میں اپنے آرٹیکل ’بائلیٹرل گائنینڈرومورفی ان اے گرین ہنیکیپر (کلوروفینز سپیزا) فرام کولمبیا‘ میں لکھا ہے۔

ایک ہی جاندار میں دو مختلف رنگ اور نر اور مادہ کی خصوصیات زیادہ تر ان جانوروں میں نظر آتی ہیں جن میں نر اور مادہ کا حلیہ مختلف ہوتا ہے۔ یہ اس انوا کے پرندہ میں 100 سال بعد ملنے والی دوسری مثال ہے۔