ایک نیوز: چیئرمین سینیٹ کی زیرصدارت سینیٹ اجلاس جاری ہے۔ جس میں غزہ کے ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی نے شرکت کی ہے۔ سینیٹ آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور فلسطین کی مکمل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں شرکت پر سینیٹر مشاہد حیسن سید نے حماس کے ترجمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہماری فلسطین کے ساتھ قدیم تاریخ رہی ہے۔ انہوں نے طوفان الاقصیٰ پر حماس کو خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل علاقے میں اثر و رسوخ اور قبضہ چاہتا ہے۔ سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ کے خلاف اسرائیل نے اپنا منصوبہ لانچ کیا جو زمین بوس ہوگیا۔ پاکستان مکمل طور پر فلسطین کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امریکہ نے جب عراق پر حملہ کیا تو اس کا منصوبہ تھا وہ پاکستان اور سعودی عرب پر نظر رکھ سکے گا۔ لیکن امریکہ ناکام ہوا جو کہ سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں فلسطین کو بتانا چاہتا ہوں کہ حکومت ،عوام اور پاک فوج فلسطین کی آزادی تک ساتھ ہیں۔
سینیٹر اسحاق ڈار
قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ فلسطین کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا اخلاقی،اسلامی و بین الاقومی فرض ہے۔ ہمیں تمام وسائل بروئے کار لا کرفلسطین کی مدد کرنا چاہیے۔ قائداعظم نے بھی کہا تھا جب تک فلسطین آزاد القدس دارالحکومت نہیں ہوگا ہماری ذمہ داری ادھوری ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن آنے والے ہیں جس کو بھی عوام لائے گی وہ حکومت اس پر کھل کربات کرے گی۔ فلسطین کے معاملے پر ہم بحثیت قوم متحد اور ایک ہیں۔