میانوالی: سیلز ٹیکس کی چوری، ایف بی آر کا دفعہ B-40 کا نفاذ

Jan 05, 2024 | 12:51 PM

ایک نیوز: ریجنل ٹیکس آفس سرگودھا نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ہدایت پر سرگودھا ریجن کے ایک اہم کاروباری سیکٹر کول مائنز پر سیلز ٹیکس کی دفعہ  40-Bکا نفاذ کر دیاہے۔ B- 40 کا مقصد کول مائنز سیکٹر کی اصل پیداوار اور اس کی ترسیل و فروخت کا صحیح تخمینہ لگانا ہے۔ اس حوالے سے میانوالی اور خوشاب میں 22 ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق چیف کمشنر آر ٹی او سرگودھاڈاکٹر فہیم محمد کی ہدایت پر 22 ٹیمیں کول مائنز میانوالی اور خوشاب پر تعینات کر دی گئی ہیں۔ ان ٹیموں کی نگرانی کمشنر عظمت حیات رانجھا  اور ڈپٹی کمشنر چودھری نعیم کر رہے ہیں۔ جو ابتدائی طور پر ایک ماہ کے عرصے تک اس سیکٹرکی کاروباری سرگرمیاں ریکارڈ کریں گے۔

اس ضمن میں یہ بات قابل ذکرہے کہ اس سیکٹر  سے وابستہ لوگ صحیح واجب الادا ٹیکسز قومی خزانے میں جمع نہیں کروا رہے ہیں۔ کوئلے کے سیکٹر میں نہ صرف سیلز ٹیکس کی ادائیگی نہیں ہو رہی بلکہ جعلی انوائسزکاکاروبار بھی ہو رہا ہے۔ملوث عناصر کے خلاف موثرقانونی کاروائیاں جاری ہیں اور جلد ہی ان افراد کو سیلز ٹیکس قوانین کے تحت قرارواقعی سزائیں دی جائیں گی۔ 

یاد رہے کہ ماضی میں اس سیکٹر کے عہدیداران اور سرکردہ لوگوں سے بہت ساری میٹنگز کی گئیں تاکہ ٹیکس وصولی میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔ لیکن اس کے مثبت نتائج برآمد نہ ہوئے۔ ایف بی آر پرعزم ہے کہ صحیح واجبات کی ادائیگی تک مسلسل جدوجہد جاری رہے گی تاکہ ان مشکل ملکی معاشی حالات میں بہتری لائی جا سکے۔ 

ایسا صرف اسی صورت میں ممکن ہے کہ جب ہر پاکستانی شہری اپناواجب الادا ٹیکس بروقت اورپورا ادا کرے تاکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہ سکے۔

مزیدخبریں