سابق وزیر اعظم ذوالفقارعلی بھٹو کا96 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

Jan 05, 2024 | 12:28 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:  پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کا 96 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں آنکھ کھولی، پاکستان کی سیاست پر اپنا اثر رکھنے والے ذوالفقار علی بھٹو کی شخصیت بھلائی نہیں جا سکتی۔

بانی پیپلزپارٹی نے کيلی فورنيا اور آکسفورڈ سے قانون کی تعليم حاصل کی، 1953ء میں سندھ ہائیکورٹ میں وکالت شروع کی۔

ذوالفقار علی بھٹو 1963 ميں جنرل ایوب خان کی کابینہ میں وزير مقرر ہوئے، سیاسی اختلافات کی بناء پر حکومت سے الگ ہوکر 30 نومبر 1967 کو پيپلز پارٹی کی بنیاد رکھی، روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے سے عوام کے دلوں میں گھر کر گئے۔

1970 کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کو بھرپور کامیابی حاصل ہوئی،1971 سے 1973 تک پاکستان کے صدر رہے انہیں ملک کے پہلے منتخب وزيراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین بھی دیا۔

4 اپریل 1979 کو ذوالفقارعلی بھٹو کو پھانسی کی سزا دی گئی، جمہوریت پسند پیپلزپارٹی کا نظریاتی ورکر آج بھی بھٹو کے فلسفے پر عمل پیرا ہے۔

عوام میں بے پناہ پذیرائی حاصل کرنے والے پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے یوم پیدائش کے موقع پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کاپیغام

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر(ایکس) پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ ‏قائد عوام شہیدذوالفقارعلی بھٹو کی سالگرہ پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ہم قائدِ عوام کے نظریے کے مطابق پاکستان کو ایک خوشحال، مضبوط اور مساوات پر کھڑا ملک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ 

آئیں اس موقع پر ایک عہد کریں کہ ہم شہید بھٹو کے منشور 'روٹی، کپڑا اور مکان' پر عمل کرکے ملک سے مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کریں گے۔

پوتی فاطمہ بھٹو کا پیغام

پوتی فاطمہ بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے دادا کی یوم پیدائش پر ان کی تصویر شیئر کردی۔

 اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف 

 اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نےشہید ذوالفقارعلی بھٹو کے 96ویں یوم ولادت کے موقع پر پیغام  میں کہا ہے کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی ملک و قوم کیلئے پیش کی جانے والی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک مدبر ، دور اندیش اور دل میں عوام کا درد رکھنے والے رہنما تھے،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی فہم و فراست سے ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالا،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کیا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے ملک کو متفقہ آئین دیا ،عالمی دباؤ کے باوجود قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام شروع کیا ،شہید ذوالفقار علی بھٹو کی انتھک محنت کی وجہ سے پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی طاقت بنا ،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے نقشے قدم پر چلتے ہوے ملک کی خدمت کی ،بی بی کی شہادت کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ملک اور پارٹی کو احسن طریقے سے سنھبالا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن پر کاربند ہے ،شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نعرہ روٹی ، کپڑا اور مکان پارٹی کا بنیادی نصب العین ہے۔

پیپلز پارٹی رہنما شرجیل انعام میمن

شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر پیپلز پارٹی رہنما شرجیل انعام میمن نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک بلند پایہ شخصیت ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی کے طور پر، شہید بھٹو کا مقصد ایک ایسا سیاسی پلیٹ فارم بنانا تھا جو عام لوگوں کے حقوق کا دفاع کرے،شہید بھٹو کا نقطہ نظر روایتی سیاست سے بالاتر اور سماجی و اقتصادی انصاف اور عوام کو بااختیار بنانے کے لئے ایک پرجوش عزم تھا،شہید بھٹو کی متعارف کردہ ترقی پسند اصلاحات کا مقصد معاشرے کے پسماندہ طبقات کو بہتر بنانا تھا۔

شرجیل انعام میمن نے کہاکہ بھٹو کی عام آدمی سے وابستگی محض بیان بازی نہیں تھی، انہوں نے پاکستان کے سماجی و اقتصادی منظرنامے کو نئی شکل دی،بھٹو نے شہری اور دیہی تقسیم کو ختم کرنے، قومی یکجہتی کے احساس کو فروغ دیا، شہید بھٹو نے عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن کو واضح کرنے میں اہم کردار ادا کیا،چیلنجز کے باوجود، شہید بھٹو کی میراث برقرار رہی اور آنے والی نسلوں کے لیے تحریک کا باعث بنی،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شہید بھٹو کی جمہوری اقدار اور سماجی انصاف کے عزم کو آگے بڑھا رہے ہیں،بلاول بھٹو کو نہ صرف پیپلز پارٹی بلکہ نظریات بھی وراثت میں ملے ہیں۔

شرجیل انعام میمن  نے مزید کہا کہ جمہوریت، انسانی حقوق، اور جامع طرز حکمرانی کے لیے بلاول بھٹو کی کاوشیں شہید بھٹو کے اصولوں کی عکاسی کرتی ہے،پیچیدہ سیاسی منظر نامے، علاقائی کشیدگی، اور سماجی و اقتصادی مسائل کے حل کے لئے بلاول بھٹو جیسی قیادت کی ضرورت ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو کی میراث چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے روپ میں زندہ ہے،پیپلز پارٹی کی بنیاد انصاف، مساوات اور جمہوریت کے اصولوں پر رکھی گئی تھی،پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں پیپلز پارٹی آج بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

پیپلزپارٹی رہنما نثار کھوڑو 
پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو  نے کہا ہے کہ شہیدذوالفقار علی بھٹو کی96 ویں سالگرہ آج سندھ بھر کے تمام ضلعی پیڈکوارٹرز میں نماز جمعہ کے بعد منائی جا رہی ہے۔سندھ کے ہر ضلعے میں شہید بھٹو کی سالگرہ کی  بھرپور عوامی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔تقریبات می سالگرہ کا کیک کاٹا جائے گا اور شھید بھٹو کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔شہید بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا اور پیپلز پارٹی نے ہی آئین کو اصل حالت میں بحال کرایا۔اب جمھوریت اور ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے سمیت عوام کو مھنگائی بے روزگاری سے نجات دلانے کا پلان بھی پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔

نثار کھوڑو  نے کہا کہ پیپلز پارٹی مخالف اتحادوں کو 18 ویں ترمیم، صوبائی خودمختاری اور این ایف سی میں صوبوں کا زیادہ حصہ آنکھ میں کانٹا بن کر چھب رہا ہے۔ عمران خان کی طرح اب پیپلز پارٹی کے خلاف بننے والے اتحاد میں شامل جماعتیں مضبوط مرکزیت کی آمرانہ سوچ کی حامی ہیں۔پیپلز پارٹی مخالف اتحاد چاہتے ہیں کے وفاق مضبوط ہو اور صوبے معاشی طور پر کمزور ہوں۔پیپلز پارٹی بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنے پر یقین رکھتی ہے۔پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ہی پراونشل فنانس کمیشن ( پی ایف سی) کی تشکیل کی تھی۔کچھ جماعتیں آمر پرویز مشرف کے دور کی طرح وفاق سے براہ راست اضلاع کو فنڈنگ چاہتی ہیں۔ اس لئے انہیں صوبائی خودمختاری اچھی نہیں لگتی۔

نثار کھوڑو  نے مزید کہا کہ پی پی پی مخالف اتحاد کی 18 ویں ترمیم اور صوبائی خودمختاری کے خلاف سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔8 فروروی کو پیپلز پارٹی ملک بھر میں سپرائیز دے گی۔پیپلز پارٹی اور ملک کی عوام شھید بھٹو کے بے گناہ خون کے انصاف کی منتظر ہے۔امید ہے چیف جسٹس صاحب اور معزز عدلیہ شھید بھٹو کی پہانسی کو عدالتی قتل قرار دے کر تاریخ میں درستگی کرکے انصاف پر مبنی فیصلہ دینگے۔

مزیدخبریں