ایک نیوز:پیپلز ہاؤس ملتان میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے مختلف سیاست دانوں کی ملاقات ہوئی،آصف زرداری نے دونوں سیاسی رہنماؤں کو پارٹی ٹکٹ کی یقین دہانی کرا دی۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے سابق ایم پی اے نواز خان رند کے صاحب زادے قمر دین خان نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیارکرلی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قمر دین خان پی پی 259 سے پی پی پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے،مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں شہزاد انور بھی جیالے بن گئے،میاں شہزاد انور حلقہ پی پی 258 سے پی پی پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آصف زرداری نے دونوں سیاسی رہنماؤں کو پارٹی ٹکٹ کی یقین دہانی کرا دی،ملاقات میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود بھی موجود تھے۔
قبل ازیں صدر پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کی سربراہی میں ملتان ڈویژن اور ضلعی عہدیداران کا مشترکہ اجلاس ملتان میں ہوا۔ اجلاس میں سرائیکی وسیب کی سیاسی صورتحال اور عام انتخابات کے حوالے سے مہم پر بات چیت کی گئی۔
ملتان میں ہونے والے اس اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی، پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود اور عبدالقادر شاہین سمیت خواجہ رضوان عالم، خالد حنیف لودھی، ڈاکٹر جاوید صدیقی، کامران عبداللہ مڑل، راؤ ساجد علی، ملک نسیم حسین لابر، اے ڈی خان بلوچ، سلیم راجہ، خواجہ عمران، چوہدری یسٰین، نعیم شہزاد بھٹی، خلیل راں، برکت علی، حامد علی بھٹی، الطاف چنڑ، نواز سوتڑک، رانا ذوالفقار، امین ساجد، زمان زیدی، محمد شفیق اور راجہ پارس سمیت مزید پارٹی عہدیداروں نے شرکت کی۔
دوسری جانب آصف علی زرداری کے دورہ ملتان پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری کے جنوبی پنجاب میں الیکشن جلسوں کا شیڈول فائنل کر لیا گیا ،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 19 جنوری کو رحیم یار خان، 20 جنوری کو کوٹ ادو اور 26 جنوری کو شہر اولیاء ملتان میں الیکشن جلسہ کریں گے۔سابق صدر آصف علی زرداری تین روزہ دورہ جنوبی پنجاب پر اس وقت ملتان میں موجود ہے، اور ساتھ ہی آصف علی زرداری جنوبی پنجاب بھر سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔