ویب ڈیسک:ملک میں موسم سرما کے رنگ نظر آنے لگے، کہیں بارش اور کہیں برف باری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آسمان سے گرتی برف سے نظارے حسین ہوگئے، کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، مستونگ، قلات، قلعہ عبداللہ، نوشکی، لورالائی سمیت کئی علاقوں میں بارش سے موسم شدید سرد ہوگیا۔
قلات میں پارہ منفی 3، زیارت میں منفی 2 اور کوئٹہ میں منفی ایک تک گر گیا ہے، پہاڑوں پر برفباری کے حسین مناظر سے مقامی لوگ اور سیاح خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
وادی نیلم میں موسمیاتی تبدیلی کے آثار نمایاں نظر آنے لگے، بالائی علاقوں میں کڑاکے کی سردی درجہ حرارت منفی سترہ تک پہنچ گیا، ندی نالے اور چشمے جم گئے،شديد سردی کی وجہ سے سیاحوں کی آمدورفت بند ہوگئی، سیاحت سے جڑے لوگوں کے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے، خشک سردی کے باعث بیماریاں پھوٹنے کے خطرات بھی منڈلانے لگے ہیں۔
ضلع نیلم میں گزشتہ تین ماہ سے بجلی اور انٹرنیٹ کی آنکھ مچولی جاری ہے، شديد سردی کی وجہ سے بالائی نیلم کے سکولوں میں چھٹیاں کر دی گئیں۔
ادھرصوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی کڑاکے کی سردی پڑنے سے درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، شہری شدید سردی میں ٹھٹھرنے لگے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں تاحال بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، رواں برس سردیوں کا دورانیہ گزشتہ سال کی نسبت طویل رہے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم سرد اور ٹھنڈی خشک ہواوں کا راج برقرار ہے،آئندہ چوبیس گھنٹوں میں موسم جزوی ابرآلود رہے گا،رات میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ کا امکان ہے،کم سے کم درجہ حرار 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ جانے کا امکان ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 67 فیصد ہے،اس وقت خشک ہوائیں شمال مشرق سے 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں،دھند کے باعث حد نگاہ 2.5 کلو میٹر ہے۔
آئی کیو ائیر کے مطابق شہر میں ہوا کا معیار غیر صحت بخش ہے۔ کراچی کا ہوا کا معیار 209 ریکارڈ ہوا ہے،کراچی آلودہ ترہن شہروں میں دوسرے نمبر پہ ہے،کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوا کا معیار 178 سے 207 تک ریکارڈ ہوا ہے،مختلف قسم کی زیریلی گیس گردوغبار سے بچنے کے لئے شہری ماسک کا ستعمال کریں۔