حکومت کا نوجوانوں کو 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینے کا اعلان

Jan 05, 2023 | 18:07 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے بیروزگار نوجوانوں کیلئے انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

نوجوانوں کو انٹرن شپ فراہم کرنے کے لیے نجی شعبے کے نمائندوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے  وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی دوتہائی آبادی 30 سال سے کم ہے اور ملک کے مستقبل کا انحصار نوجوانوں کی بامقصد تعلیم اور ہنر سیکھنے پر ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 30 ہزار بے روزگار گریجویٹ  نوجوانوں کے لیے ’’باصلاحیت نوجوان انٹرن شپ پروگرام‘‘ کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کا دورانیہ 6 ماہ ہوگا اور انہیں  25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت 30 ہزار نوجوانوں کو انڈسٹری میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔

 وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزارت منصوبہ بندی کا اصل کام نوجوانوں کے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنا ہے۔ پاکستان کی ترقی کا انحصار نوجوانوں اورنجی شعبے کے فعال کردار پر ہے۔ ہمیں اختلافات بھلا کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

احسن اقبال نے کہا کہ 22 کروڑ کی آبادی کے ملک کی معیشت 8 ماہ میں نہیں ڈوبتی۔ جب گھر میں آگ لگی ہو تو پہلا کام آگ بجھانا ہوتا ہے۔ کس نے آگ لگائی، اس کا فیصلہ بعد میں کر سکتے ہیں۔ ہر پاکستانی کو اس وقت ٹرن اراؤنڈ پاکستان مہم کا چیمپئن بننا ہو گا۔

مزیدخبریں