پاکستان اور بھارت ایک بار پھر آمنے سامنے لیکن کس میدان میں ؟

Jan 05, 2023 | 16:16 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز : پاکستان اور   بھارت کی کرکٹ ٹیمیں ایک بار پھر رواں سال 50 اوورز کے ایشیا کپ میں مدمقابل آئیں گی۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کرکٹ کونسل  کے صدر جے شاہ نے ایشیا کپ 2023 کا شیڈول شیئر کیا جس کےمطابق پاکستان اور انڈیا کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔ دوسرے گروپ میں افغانستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا شامل ہیں۔ پاکستان کے گروپ میں تیسری ٹیم پری ایشیا کپ میچز سے کوالیفائی کر کے آئے گی۔
 ایشیا کپ کا فارمیٹ ٹی20 کے بجائے 50 اوورز کا رکھا گیا ہے جس کا مقصد ٹیموں کو ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاری کروانا ہے۔اس سال ایشیا کپ میں مجموعی طور پر 13 میچز کھیلے جائیں گے اور یہ ٹورنامنٹ اس بار پاکستان میں سال کے وسط میں کھیلا جائے گا۔انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے اعلان کے بعد  یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ انڈیا کی ٹیم پاکستان آئے گی یا نہیں۔
اس سے قبل جے شاہ جو انڈین کرکٹ بورڈ کے بھی عہدیدار ہیں کہہ چکے ہیں کہ انڈین کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی اور ہوسکتا ہے یہ ٹورنامنٹ کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کردیا جائے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ  کی جانب سے انڈین کرکٹ بورڈ کے ٹیم کو نہ بھیجنے کے فیصلے پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے اسے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل  اور اے سی سی کو تقسیم کرنے کے مترادف قرار دیا تھا۔
پی سی بی کے ترجمان نے جے شاہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس بیان سے انڈیا میں شیڈول ورلڈ کپ اور 2024 سے 2031 تک بھارت میں شیڈول آئی سی سی کے ایونٹس میں پاکستان کی شرکت پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

مزیدخبریں