ایک نیوز : برطانوی شہزادہ ہیری نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے بڑے بھائی شہزادہ ولیم نے 2019 میں بحث کے دوران ان پر حملہ کرکے انہیں کالر سے پکڑا اور نیچے گرادیا۔
برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ کے مطابق اس امر کا انکشاف انہوں نے اپنی کتاب ’’ سپئیر‘‘ میں کیا ہے جو رواں ماہ 10 جنوری کو جاری کی جائے گی۔
38 سالہ ہیری کا کہنا ہے کہ اپنے گھر کے باورچی خانے میں اختلاف رائے کے دوران ولیم نے اُن کی اہلیہ میگھن مارکل کو مشکل اور بدتمیز کہا۔ بحث و تکرار بڑھنے کے بعد انہوں (شہزادہ ولیم) نے مجھے کالر سے پکڑا، اور فرش پر گرا دیا۔ میں کتّے کے پیالے کے اوپر گِر گیا جو میری کمر کے دباؤ سے ٹوٹ گیا اور مجھے اس کے ٹکڑے چُبھے۔
شہزادہ ہیری نے پھر اپنے بڑے بھائی کو وہاں سے جانے کو کہا۔ اخبار کے مطابق ہیری نے اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ولیم افسردہ اور معذرت خواہ نظر آئے۔
گارڈین نے اس سارے واقعے کو کچھ یوں بیان کیا ہے کہ ولیم واپس آئے اور کہا کہ آپ کو میگھن کو اس بارے میں بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔تمہارا مطلب ہے کہ جو تم نے مجھ پر حملہ کیا؟ولیم نے جواب دیا کہ میں نے تم پر حملہ نہیں کیا۔