ایک نیوز: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل شہید عدیل حسین کی فیملی سے پولیس لائنز اسلام آباد میں ملاقات کی۔
رپورٹ کے مطابق ملاقات میں شہید عدیل حسین کے والدین، بیوہ، بچے اور بھائی نے شرکت کی۔ آئی جی پولیس اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ رانا ثناءاللہ نے شہید عدیل حسین کی فیملی سے ملاقات میں عدیل حسین کی قربانی کو خراج تحسین پیش کیا اور شہید پیکج پیش کیا۔
کانسٹیبل عدیل حسین ایک خودکش دھماکے میں شہید ہوئے تھے جب اس نے ایک ٹیکسی کواسلام آباد داخل ہوتے ہوئےروکا تھا۔ وزیر داخلہ نے شہید عدیل حسین کی بیوہ کو شہید پیکج کا ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔ وزیر داخلہ نے شہید عدیل حسین کے بچوں کے گھر کیلیے مزید سوا کروڑ روپے کی گرانٹ کااعلان بھی کیا۔
وزیر داخلہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر شہید عدیل حسین کی فیملی کو تاحیات ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ شہید سید عدیل حسین نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے اسلام آباد کو ایک بڑے حادثے سے بچایا۔ شہداءکے احسانات کا بدلہ نہیں چکایا جا سکتا، ہمارے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔ میں عدیل حسین شہید کے ساتھ اس واقعہ میں جو جوان زخمی ہوئے ان کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پولیس شہداء کے ورثاء کی دیکھ بھال حکومت کی ذمہ داری ہے، ہر طرح کے وسائل یقینی بنائے جائیں گے۔