لاہور سمیت بڑے شہروں کو منظم، صاف ستھرا بنائیں گے، پرویزالہٰی

Jan 05, 2023 | 12:57 PM

ایک نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، جس میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے ترکش کمپنی اوز پاک سے مالی امور طے کرنے پر اظہار اطمینان کیا اور ایل ڈبلیو ایم سی کی طرف سے ترکش کمپنی اوز پاک کو 2 ارب 90 کروڑ روپے کے واجبات کا چیک دیا گیا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ترکیہ کا شمار پاکستان کے مخلص اور بہترین دوستوں میں ہوتا ہے- ترکیہ کی طرف سے ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جائے گا- 

انہوں نے کہا کہ لاہور کو صاف ستھرا اور منظم شہر بنائیں گے- لاہور اور دیگر بڑے شہروں کی صفائی ستھرائی کے لئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو فعال کیا جا رہا ہے۔ پنجاب کے ہر شہر کے لئے صفائی کا بہترین نظام وضع کیا جائے گا- 

ترکش کمپنی اوز پاک کے وفد نے وزیراعلٰی چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا۔ وفد میں ترکش کمپنی اوز پاک کے کنٹری ہیڈ نظامتین کوکامیس Nizamettin Kocamese، پراجیکٹ ڈائریکٹر افضال شاہ شامل تھے۔ 

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی آج گوجرانوالہ اور وزیر آباد کا دورہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ گوجرانوالہ میڈیکل کالج ٹیچنگ ہسپتال کے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ انہیں منصوبے کے بارے بریفنگ دی جائے گی۔ 

وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو 100 بیڈ سے 200 تک اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی پیڈیاٹرک کارڈیالوجی کے نئے بلاک کا افتتاح کریں گے۔ اس کے علاوہ انجیوگرافی مشینوں اور 2 موڈلر آپریشن تھیٹرز کا افتتاح بھی شیڈول میں شامل ہے۔ انہیں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی وزیر آباد میں میڈیا سے گفتگو کریں گے۔

مزیدخبریں