ایک نیوز: چیف الیکشن کمشنر نے مسلم لیگ ن کا انتخابی نشان منسوخ کرنے کا عندیہ دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی الیکشن کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے احسن اقبال اور شہبازشریف کو نوٹس کی سماعت ہوئی۔ ن لیگ کی جانب سے وکیل ارشد جدون پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن حکام نے استفسار کیا کہ مسلم لیگ ن حکام نے یقین دہانی کرائی تھی کہ 30 دسمبر کو انٹر پارٹی الیکشن ہو جائےگا۔ جس پر مسلم لیگ ن کے وکیل کا کہنا تھا کہ 30 دسمبر کو انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کرا سکے۔ 31 جنوری کو انٹرا پارٹی الیکشن کروا دیں گے۔ احسن اقبال نے اس حوالے سے درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہے۔ آخری موقع دے دیں، 31 جنوری کو پارٹی الیکشن ہوجائے گا۔
اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جو جماعت اپنے الیکشن نہیں کرا سکی وہ باقی الیکشن کیا کرائے گی؟ وہ باقی کیا کام کرے گی؟ ہمیں آپ کا انتخابی نشان منسوخ کردینا چاہیے پھر ہی آپ انٹرا پارٹی الیکشن کرائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ 7 روز کا فائنل شوکار نوٹس جاری کررہے ہیں۔ یہ شوکار نوٹس انتخابی نشان منسوخی کا ہے۔