ممنوعہ فنڈنگ کیس:عمران خان کی عبوری ضمانت میں 31 جنوری تک توسیع

Jan 05, 2023 | 10:47 AM

ایک نیوز: ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کیخلاف عدالت نے اپنا فیصلہ سنادیا۔ عمران خان کی زمان پارک میں تفتیش کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 31 جنوری تک توسیع کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 31 جنوری تک توسیع کردی گئی ہے۔ بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے فیصلہ سنایا۔ جس میں عمران خان کی زمان پارک میں تفتیش کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں ہر صورت شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

اس سے قبل ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عمران خان کے وکلاء کی جانب سے طبی بنیادوں پر استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ 

عمران خان کے وکلاء کا کہنا تھا کہ 3 جنوری کو عمران خان کا چیک اپ ہوا، ڈاکٹرز نے مزید 2 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ایف آئی اے کو بھی کہا تفتیش کرنی ہے تو زمان پارک آسکتے ہیں۔ سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ تفتیشی افسر کیلئے ممکن نہیں کے وہ لاہور جائے اور تفتیش کرے۔

سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ نومبر میں پیش آئے واقعہ کے بعد سے عمران خان سیاسی معاملات چلا رہے ہیں، عمران خان سیاسی معاملات چلا رہے ہیں مگر عدالت میں پیش نہیں ہوتے لہذا عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جائے۔پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ عمران خان نہ عدالت میں پیش ہوئے اور نہ شامل تفتیش ہوئے، ضمانتی مچلکوں کے سوا عمران خان نے ایک بھی عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا، عمران خان کی درخواستِ ضمانت بھی مسترد کی جائے۔عدالت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اسپیشل پراسیکیوٹر کی عمران خان سے زمان پارک میں تفتیش کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 31 جنوری تک توسیع کر دی اور حکم دیا کہ عمران خان ہر حال میں تفتیشی افسر کے روبرو پیش ہوں۔

مزیدخبریں