پنجاب میں دھند کے باعث پروازیں تاخیر کا شکار، موٹروے بند

پنجاب میں دھند کے باعث پروازیں تاخیر کا شکار، موٹروے بند

ایک نیوز:  پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج جاری رہنے کی وجہ سے  فضائی آپریشن متاثر ہو گیا جبکہ شدید دھند کے پیش نظر کئی مقامات پر موٹرویز  کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دھند اورخراب موسم کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہونے سے بیرون اور اندرون ملک جانے والی 18 پروازیں  تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔

دھند کے باعث 3 پروازیں لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ نہیں کر سکیں جبکہ کئی پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئیں۔دھند کی وجہ سے ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے جس کے باعث ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئیں۔لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کے باعث کئی مقامات پر موٹرویز ٹریفک کیلئے بند کردی گئی۔

موٹروے حکام کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 کو لاہورسے کوٹ مومن تک اور ملتان موٹروے ایم 3 کو فیض پور سے جڑانوالہ تک جبکہ ایم 11 سیالکوٹ موٹر وے کو لاہور سے کامونکی تک ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے بند ہونے سے ٹریفک ملتان روڈ، کینال روڈ اور راوی روڈ پر شفٹ ہوگئی ہے۔  شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر سے پہلے راستہ ایپ سے معلومات حاصل کریں۔