پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی ) میجر جنرل بابر افتخار نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اندرونی طور پر مذہبی انتہا پسندی کی جانب گامزن ہے،بھارت کے جھوٹے پراپیگنڈے کا مقصد انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ ہٹانا ہے،حال ہی میں بھارتی فوج نے وادی نیلم کے سامنے ایک جعلی انکاؤنٹر کیا،بھارت پہلے بھی بے گناہ کشمیریوں کو شہید کرچکا ہے،بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی مستند سیاسی قیادت کی آوازیں اٹھ رہی ہیں جبکہ کشمیر کا بدترین محاصرہ جاری ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار نے مزید کہا کہ 2021 میں شمالی وزیرستان میں اہم آپریشن کیا گیا اور ریاستی رٹ مکمل طور پر بحال کی گئی، مغربی بارڈر پر 2021 میں صورتحال تشویشناک رہی، افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے اثرات پاکستان کی سکیورٹی پر پڑے، بارڈر مینجمنٹ کے تحت پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا کام 94فیصد مکمل ہوچکا ہے، باڑ لگانے کا مقصد دونوں اطراف کے لوگوں کو محفوظ بنانا ہے، اس باڑ کو لگانے میں ہمارے شہدا کا خون شامل ہے، یہ امن کی باڑ ہے اور یہ ضرور مکمل ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کا مقصد2021کی صورتحال کا جائزہ پیش کرنا ہے، ایل او سی پورا سال پرامن رہی، بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی مظالم سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی محاصرہ جاری ہے جبکہ 5جنوری کے موقع پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔