وزیراعظم پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کے منتظر

وزیراعظم پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کے منتظر
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سکروٹنی رپورٹ پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی فنڈنگ پر الیکشن کمیشن کی جانچ پڑتال کا خیرمقدم کرتا ہوں اورپیپلزپارٹی ،(ن) لیگ کی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کا منتظر ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ اکاؤنٹس کی جتنی جانچ پڑتال ہوگی اتنے ہی حقائق سامنے آئیں گے، پتہ چلے گا پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس کی بنیاد سیاسی فنڈ ریزنگ پر ہے، قوم حقیقی سیاسی فنڈ ریزنگ، مفادات، بھتہ خوری کا فرق دیکھے۔


قبل ازیں یوم حق خود ارادیت کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کے ساتھ حق خودارادیت کا وعدہ پورا کرے، کشمیری عوام 3 نسلوں سے حق خودارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں، 73 برس بعد بھی کشمیری عوام دیرینہ حق کے حصول کیلئے ثابت قدم ہیں، 9 لاکھ بھارتی فوجیوں کی موجودگی نے مقبوضہ وادی کو کھلی جیل بنا دیا۔


وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب ہو رہا ہے، بین الاقوامی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ بھارت کے خلاف ایکشن لے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ کشمیری بھارتی قبضے اور جبر کو مسترد اور مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کیعزم پرثابت قدم ہے۔