ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے صدر و چیئرمین پی اے سی جنید اکبر نے کہا ہے کہ میں سیاسی کارکن ہوں، اگر عمران خان نے بھی میری بات نہ مانی تو صدارت سے الگ ہو جاؤں گا۔ چوروں کو پارٹی میں برداشت نہیں کیا جائےگا۔
مرادن میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں ٹھیک کو ٹھیک اور غلط کو غلط کہنے کی جرأت رکھتا ہوں، میں سیاسی کارکن ہوں سیاسی نوکر نہیں۔
انہوں نے کہاکہ چوروں کو پارٹی میں برداشت نہیں کیا جائےگا، ہم سیاست کو کاروبار نہیں بنائیں گے، ہر کارکن کی رپورٹ عمران خان تک پہنچائی جائےگی۔
جنید اکبر نے کہاکہ جب تک عمران خان کا علی امین گنڈاپور پر اعتماد پر ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم سے غلطیاں ہوئیں جن کا خمیازہ آج بھگت رہے ہیں، جو لوگ آج ہم پر ہنس رہے ہیں کل اسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑےگا۔ ادارے ہمارے اپنے ہیں، ان کی مضبوطی ملک کی مضبوطی ہے۔
صدر پی ٹی آئی کے پی کے نے کہاکہ ہم نے اپنے کارکنوں کی لاشیں اور زخمیوں کو اٹھایا پھر بھی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو ہٹا کر جنید اکبر کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا صدر نامزد کیا تھا۔